لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے 24 مارچ تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ عمران خان نے 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں دائر کیں اور انہوں نے زمان پارک سے لاہور ہائیکورٹ تک جانے کے لیے سیکیورٹی کی بھی درخواست دائر کی جس پر عمل درآمد ہورہا ہے۔ تمام درخواستوں پر آج ہی سماعت کی جائے۔ عدالت نے عمران خان کو عدالت میں پہنچنے کیلیے ساڑھے پانچ بجے کا وقت دیا تاہم راستے بند ہونے اور کارکنان کی بڑی تعداد میں شرکت کی وجہ سے وہ سوا چھ بجے تک کمرہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عمران خان کے وکلا نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پی ایس ایل میچز، راستوں کی بندش اور کارکنان کے رش کی وجہ سے کمرہ عدالت پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔