کراچی: شہر قائد کے علاقے گارڈن، عثمان آباد میں شوہر نے اپنی اہلیہ (2 بچیوں کی ماں) کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔ملزم کوئی کام نہیں کرتا تھا جب کہ مقتولہ ملازمت کر کے اپنا اور دونوں بچیوں کا گزر بسر کر رہی تھی۔ کلاکوٹ تھانے کی حدود فقیر محمد درا خان روڈ گارڈن، عثمان آباد کے علاقے میں پاکستان ہوٹل کے قریب گلی نمبر 3 میں واقع افضال منزل کے فلیٹ میں تیز دھار آلے کے وار سے خاتون کو قتل کردیا گیا۔ مقتولہ کی شناخت 40 سالہ طاہرہ کے نام سے کی گئی ۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتولہ کو اس کے شوہر عتیق نے قتل کیا، جو موقع سے فرار ہوگیا۔ مقتولہ کے پڑوسی ملک شمشیر نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ طاہرہ 2 بچیوں کی ماں اور کرایے پر رہائش پذیر تھی۔ اس کا شوہر کوئی کام وغیرہ نہیں کرتا تھا جب کہ اکثر کئی روز تک گھر بھی نہیں آتا تھا اور جب کبھی آتا تو گھر سے لڑائی جھگڑے کی آوازیں سنائی دیتی تھیں۔