لاہور: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی دنیا میں جاکر انسانی حقوق کی تنظیموں اور سیاست دانوں کو بتائیں کہ پاکستان میں کس طرح انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔ لاہور میں ویڈیو خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا میں جاکر انسانی حقوق کی تنظیموں اور سیاست دانوں کو بتائیں کہ پاکستان میں کس طرح انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، آئین کی کسی کو فکر نہیں، جمہوریت کو قتل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 اپریل کو الیکشن ہونے ہیں لیکن موجودہ حکومت الیکشن کی فضا ہی بننے نہیں دے رہی، ہماری انتخابی ریلی پر حملہ کرکے ظل شاہ کو شہید کردیا گیا، مینار پاکستان جلسے کی اجازت نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے رابطہ کریں گے، بیرون ملک موجود پی ٹی آئی کے دفاتر کے ذریعے ممالک سے رابطے کریں گے، ہم اپنے چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی رجوع کریں گے کہ یہاں کوئی قانون نہیں رہ گیا اور طاقت کے زور پر یہاں خوف پھیلایا جارہا ہے۔