لاہور: چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوگئے۔ لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی زمان پارک گھر پر پولیس آپریشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عمران خان جسٹس طارق سلیم شیخ کے روبرو پیش ہوئے۔ انہوں نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پولیس نے چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا، توڑ پھوڑ کی،املاک کو نقصان پہنچایا، 18 مارچ کو زمان پارک آپریشن قانون کے منافی کیا، بنیادی حقوق اور لاہور ہائیکورٹ کے 17 مارچ کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی ، عدالت متعلقہ فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔ عمران خان نے روسٹرم پر آکر کہا کہ میرے گھر کے شیشے توڑ دیے، میری بیوی گھر میں تھی ، وہ پردے دار خاتون ہیں انکی چیخوں کی آواز کیمرے میں موجود ہیں، چار دیواری کا تقدس پامال ہوا، میرے پانچ گارڈز کو پکڑ کر لے گئے اور تشدد کیا، آج میں چھپ کر عدالت پہنچا ہوں، اس گاڑی میں آیا ہوں جس کو کوئی نہیں جانتا، بغیر کسی قافلے کے آیا ہوں، میں اسلام آباد ٹول پر پہنچا تو انہیں نے میرے گھر پر حملہ کردیا، جگہ جگہ رکاوٹیں لگا کر مجھے روکا گیا تاکہ عدالت نہ پہنچ نا سکوں، حکومت نے دنیا کو کیا پیغام دیا، یہاں قانون کی حکمرانی نہیں ہے یہی پیغام دیا۔