ملک میں مفت آٹے کا حصول زندگی اور موت کی جنگ بن گیا، فیصل آباد میں آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی سے بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا۔ پشاور میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی عروج پر رہی، شہریوں نے فلار ملز کے دروازے توڑ دیے، جبکہ ایک خاتون کا بازو ٹوٹ گیا۔ مفت آٹے کے حصول کے لیے حافظ آباد میں رش لگ گیا، دھکم پیل سے متعدد مرد اور خواتین زخمی ہوگئیں، ہجوم کو ہٹانے کیلیے پولیس نے تشدد بھی کیا۔ کمالیہ اور بہاولنگر میں بھی مفت آٹا لینے والوں کا رش لگ گیا۔ دوسری طرف ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے کہا ہے کہ مفت آٹے کی تقسیم کا سلسلہ پورے رمضان جاری رہے گا۔ فیصل آباد میں مفت آٹے کے حصول کیلییشہریوں کی مشکلات برقرار رہیں، لمبی قطاراور طویل انتظار میں لوگ کھڑے، اس دوران ایک بزرگ شہری کی جان چلی گئی۔ شہر میں مفت آٹے کی تقسیم کے پوائنٹ پر سیکڑوں کی بجائے ہزاروں شہریوں کی آمد سے رش لگا ہوا ہے، جس سے شدید مشکلات کا سامنا ہے اور مفت آٹے کا تھیلا لینے کیلیے آنے والے مرد و خواتین خوار ہو رہے ہیں۔