اسلام آباد، لاہور، پشاور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں 6.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ مختلف واقعات میں 2 خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا جبکہ گہرائی 180 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد کے سیکٹر جی 7 میں زلزلے کے دوران دل کادورہ پڑنے سے ایک شخص کو پولی کلینک اسپتال لایا گیا، جہاں وہ انتقال کرگیا۔ سوات کے علاقے مدین میں گھر کی دیوار گرنے سے 13 سال کی لڑکی جاں بحق ہوئی۔ شموزئی میں گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، 2 افراد زخمی ہوگئے۔ سیدو شریف کے اسپتال میں 50 زخمیوں کو لایا گیا۔ لوئر دیر میں زلزلے سے دیواریں گرنے اور بھگڈر مچنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ مختلف حادثات میں 43 افراد زخمی ہوگئے۔ راول پنڈی میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث کئی عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئیں، معروف تجارتی مرکز کمرشل مارکیٹ میں کئی عمارتوں میں بھی دراڑیں پڑ گئیں، گوجر خان میں دیواد گرنے سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔ سیدو شریف میں زلزلے میں زخمی 32 افراد اسپتال لائے گئے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔