کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی میزبانی میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا ممکنہ طو پر آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا جبکہ ایونٹ کا فائنل 19 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے جن وینیوز کو شارٹ لسٹ کیا ان میں بنگلورو، چنئی، دہلی، دھرم شالہ، گوہاٹی، حیدرآباد، کولکتہ، لکھن، اندور، راجکوٹ، ممبئی اور احمد آباد شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں 46 دنوں کے دوران 48 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل دنیا کے سب سے بڑے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان ایک سال قبل کیا جاتا ہے تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کو حکومت سے منظوری ملنے کا انتظار ہے، جس میں دو اہم مسائل ٹورنامنٹ کے لیے ٹیکس سے چھوٹ حاصل کرنا اور پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے ویزا کلیئرنس ہے۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق کسی بھی ایونٹ کے میزبان ملک کو حکومت سے ٹیکس میں چھوٹ لینا ہوتی ہے تاہم ہندوستان کے ٹیکس قوانین اس طرح کی ٹیکس میں چھوٹ کی اجازت نہیں دیتے جس کا تقاضہ آئی سی سی کی طرف سے کیا گیا ہے، اگر بی سی سی آئی ٹیکس چھوٹ حاصل کرنے میں ناکام رہتا ہے تو آئی سی سی کو نشریاتی آمدنی پر 21.84 فیصد ٹیکس کی مد میں 116 ملین ڈالر کا نقصان ہوسکتا ہے جو بی سی سی آئی اور دوسرے تمام ممبر ممالک کو برداشت کرنا پڑے گا۔