سندھ کے 15 اضلاع میں مختلف وجوہات پر روکی گئی پولنگ کا آغاز ہو گیا۔ سندھ کے 15 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے 90 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ہو رہی ہے۔ ضلع جیکب آباد، کشمور، شکار پور، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، سکھر، خیر پور، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، میر پور خاص، عمر کوٹ، تھر پارکر، حیدر آباد، جامشورو اور بدین میں مختلف کونسلز کی کیٹگریز چیئرمین، وائس چیئرمین، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، جنرل ممبرز کی نشستوں پر دوبارہ پولنگ جاری ہے۔ خیرپور میں 2 ٹاون کمیٹیوں اور ایک یونین کونسل کے ایک ایک وارڈ میں آج دوبارہ انتخابات ہو رہے ہیں۔ یونین کونسل کنڈیاری کے وارڈ نمبر 4 میں پولنگ ہو رہی ہے جبکہ ٹاون کمیٹی کوٹ ڈیجی وارڈ 5 کے پولنگ اسٹیشن7 میں پولنگ تاخیر شکار ہوئی۔ آر او دریا خان چانڈیو نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے حکم پر پولنگ 8:30 پر شروع ہوئی۔ خیرپور میں تینوں وارڈز پر بلدیاتی انتخابات میں ہنگامہ آرائی اور بیلٹ بکس اٹھائے جانے کے واقعات ہوئے تھے۔ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی 2 یوسیز کے 2 پولنگ اسٹیشنز پر آج دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے۔حیدرآباد کی یوسی 35 اور 28 کے چیئرمین کے انتخاب کے لیے، یوسی 35 کے وارڈ 3 اور یوسی 28 کے وارڈ 1 پر جنرل ممبرز کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔ یونین کمیٹی28 پر 7، یونین کمیٹی 35 پر 10 پینلز چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے مدمقابل ہیں۔ پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم، اور تحریک لبیک کے امیدواروں میں مقابلے کی توقع ہے۔ حیدرآباد میں 15 جنوری کو دونوں پولنگ اسٹیشنز پر جھگڑے کے بعد نتائج روک لیے گئے تھے۔