اسلام آباد: چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کے دوران اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ پہلے استعفا پھر مکر جانا،پاکستان کی عوام کے ساتھ مذاق ہو رہا ہے؟۔ پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن اسمبلی شکور شاد کی استعفا منظوری کے خلاف درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے استعفا دیا، اس پر دستخط کیے تھے؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ جی ہمارے دستخط تھے لیکن وہ استعفا پارٹی دبا میں دیا گیا تھا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا دستخط بس ایسے ہی کیے گئے؟ کیا کوئی مذاق ہے یہ ؟۔ کیا ہو رہا ہے، آج آپ یہ کر رہے ہیں، کل آپ ملک کے لیے کیا کریں گے؟۔ آپ آرٹیکل 62 پر کیسے پورا اتریں گے ؟۔ آپ اپنے لوگوں اور ووٹرز کے امانت دار ہیں، آپ کیا کر رہے ہیں؟۔9 مارچ کا آرڈر تھا کہ آپ نے اپنے استعفے سے انکار کیا، وہ لیٹر ہے آپ کے پاس ؟۔ وکیل نے جواب دیا کہ 29 جولائی کو استعفا منظور ہوا، اس عدالت نے ستمبر میں فیصلہ معطل کیا۔ چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا آپ کے دستخط اصلی نہیں تھے؟، جس پر وکیل نے کہا دستخط تو اصلی تھے، مگر پارٹی پالیسی پر استعفا دیا تھا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ استعفے پر پارٹی پالیسی کے خلاف جانے سے کچھ فرق نہیں پڑتا۔ وہ تو منی بجٹ بل اور عدم اعتماد پر فرق پڑتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے پارٹی پریشر پر استعفا دے دیا، آپ ملک کے لیے کیسے اسٹینڈ لے سکتے ہیں ؟۔پہلے استعفا، پھر مکر جانا،پاکستان کی عوام کے ساتھ مذاق ہو رہا ہے؟۔کیا آپ سسٹم کے ساتھ مذاق کر رہے ہیں،آپ سسٹم کو فن سمجھ رہے ہیں۔وکیل نے جواب میں کہا کہ ہم مانتے ہیں اصل اسٹیک ہولڈر عوام ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پھر مذاق بھی تو عوام ہی کے ساتھ ہو رہا ہے۔