اسلام آباد: وزیراعظم کے زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی داخلی اور خارجی سیکیورٹی امور پر بات کی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان، سندھ اور کے پی کے وزرائے اعلیٰ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ، وزیر خارجہ، وزیر خزانہ، وزیر دفاع اور وزیر اطلاعات و نشریات نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال داخلی اور خارجی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں حساس اداروں کے سربراہان نے قومی سلامتی پر بریفنگ دی۔ دوسری جانب قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے قبل پارلیمانی رہنماو¿ں کا اجلاس ہوا جس میں خالد مقبول صدیقی، اسلم بھوتانی، خالد مگسی، خرم دستگیر، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ و دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی و عدالتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پارلیمانی رہنماو¿ں کو آئندہ کی حکمت عملی پر اعتماد میں لیا۔ اہم اجلاس میں خطے کی صورتحال، پاک امریکا تعلقات پر غور کیا گیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں ایران، افغانستان اور بھارت سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ایران سعودی عرب تعلقات کی بحالی میں چین کے کردار پر بھی بات چیت ہوئی اور ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔