اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ سازش امریکا سے نہیں یہیں سے شروع ہوئی اور پی ڈی ایم کے تمام لوگ شامل تھے۔ ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے آخری سال معیشت اوپر گئی، پاکستان ان ممالک میں شامل تھا جس نے کورونا کا بہتر مقابلہ کیا، موجودہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں مشکل وقت میں حکومت ملی، 2 سال کورونا میں لگ گئے، موجودہ حکومت کو تو بحران ملے ہی نہیں بحران تو ہمیں ملے تھے، کورونا کے بعد پوری دنیا میں مہنگائی آئی۔ عمران خان نے کہا کہ 17 برس میں پہلی مرتبہ گروتھ ریٹ ہمارے دور میں بہتر ہوئی، اب گروتھ ریٹ 6 سے 0.4 فیصد پر آگیا، ہمارے دور میں سب سے زیادہ پیسہ زراعت میں لگا، ہمارے دور میں مہنگائی 12 فیصد تھی اب 35 فیصد پر ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آٹے کا 20 کلوکا تھیلا ہمارے دور میں 1200 اور اب 2800 روپے کا ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ جتنی آزادی ہمارے دور میں میڈیا کو تھی پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنی آزادی میڈیا کو نہیں ملی۔