اسلام آباد / کوئٹہ: وفاقی حکومت کی جانب سے موٹرسائیکل مالکان کو سستے داموں پیٹرول کی فراہمی کا منصوبہ عنقریب شروع ہونے کا امکان ہے۔ حکام کے مطابق وفاقی حکومت نے موٹرسائیکل مالکان کو سستے داموں پیٹرول کی فراہمی کے منصوبے کیلیے صوبوں سے رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کا ڈیٹا محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے طلب کیا ہے، جسے نادرا سے منسلک کیا جائے گا۔ موٹر سائیکل مالکان کے کوائف چیک کیے جانے کے بعد انہیں ماہانہ سستے داموں پیٹرول دیا جائے گا۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلوچستان نے رجسٹرڈ موٹرسائیکلوں کا ڈیٹا وفاقی حکومت کو فراہم کردیا ہے، جس کے مطابق بلوچستان میں رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کی تعداد 5 لاکھ سے زائد ہے۔