وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جو سلسلہ سپریم کورٹ میں چل رہا ہے، اس کے بیک گراونڈ کو دیکھا جائے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ ہم عدلیہ کی مضبوطی چاہتے ہیں، عدلیہ مضبوط ہوگی تو عوام کو انصاف کی فراہمی میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ جمہوریت کی ماں ہے، جو سلسلہ سپریم کورٹ میں چل رہا ہے، اس کے بیک گرانڈ کو دیکھا جائے۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ آج پارلیمنٹ کا سیاست میں کردار کم ہے اور سپریم کورٹ سیاسی کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پارلیمنٹ کی حدود میں کسی کو مداخلت نہیں کرنے دیں گے، آئین کے اندر اداروں کی متعین کردہ حدود کا احترام ہونا چاہیے۔ وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ آرمی چیف نے کچھ دیر پہلے پارلیمنٹ کی بالادستی کے بارے میں جو الفاظ کہے خوش آئند ہیں۔ آرمی چیف کے الفاظ آئین اور پارلیمنٹ کے لیے بہت اہم ہیں، اداروں کو افراد چلاتے ہیں۔