اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان جتنا بھی زور لگائے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 14 مئی کو نہیں ہوں گے۔ فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عمران خان کو فتنہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں مقررہ وقت پر انتخابات ہوں گے، پی ٹی آئی کو سازش کے تحت اقتدار سونپا گیا اور ان کی چار سالہ پالیسیوں کے نتیجے میں ملک ایک بحرانی صورتحال سے دوچار ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ن لیگ کے قائد نواز شریف انتخابات تیاریوں کے ساتھ ہی ملک میں واپس آجائیں گے اور وہ پارٹی کی انتخابی مہم کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ ملک کو بحران سے نکالا ہے۔ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کے بجائے خودکشی کرنے کو ترجیح دی تھی لیکن پھر ان کی حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ موجودہ معاشی بحران دراصل پچھلی حکومت کے معاہدوں کی وجہ سے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے دور حکومت میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوا لیکن اب پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ایک نہیں متعدد بحران کا سامنا ہے۔