کھیل

ریکارڈ بک میں افتخار احمد کا بھی کھاتہ کھلنے لگا

ریکارڈ بک میں افتخار احمد کا بھی کھاتہ کھلنے لگا

کراچی: ریکارڈ بک میں افتخار احمد کا بھی کھاتہ کھلنے لگا، رواں برس ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ 41 چھکوں کا اعزاز حاصل ہوگیا۔ افتخار احمد نے نیوزی لینڈ کیخلاف پیر کو منعقدہ تیسرے ٹی 20 میں 60 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، اس کے ساتھ کئی ریکارڈز بھی ان کے نام ہونا شروع ہوگئے، وہ رواں برس ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ 41 چھکے جڑ چکے ہیں، انھوں نے یہ کارنامہ 24 اننگز میں انجام دیا۔ جونسن چارلس نے اس سال اب تک 12 اننگز میں 40 جبکہ رلی روسیو نے 30 اننگز میں 37 چھکے لگائے ہیں۔مختصر طرز کے انٹرنیشنل میچز میں افتخار احمد نے گذشتہ برس سے اب تک پاکستان کی جانب سے بھی سب سے زیادہ 26 چھکے جڑے ہیں۔ محمد رضوان اسی دورانیے میں 23 چھکے لگا کر دوسرے نمبر پر ہیں، ان کے بعد بابراعظم 13، محمد نواز 12 اور شاداب خان 11 چھکوں کے ساتھ موجود ہیں۔ ادھر پاکستان کی جانب سے تیز ترین ٹی 20 ففٹی اسکور کرنے والے کرکٹرز میں افتخار احمد تیسرے نمبر پر آگئے، انھوں نے 20 بالز پر ففٹی مکمل کی۔ اس معاملے میں شعیب ملک سب سے آگے ہیں، جنھوں نے شارجہ میں اسکاٹ لینڈ کیخلاف 2021 میں 18 بالز پر 50 رنز کی تکمیل کر لی تھی۔ اسی طرح شاداب خان نے سڈنی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ میچ میں 20 بالز پر نصف سنچری بنائی تھی۔ عمر اکمل نے 2 مرتبہ 21 بالز پر ففٹیز اسکور کیں، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے بولرز ایک،ایک بار ان کے زیرعتاب آ چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے