سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں سرچ آپریشن کے دوران ہونے والے زوردار دھماکے میں بھارتی فوج کے افسر سمیت 5 اہلکار ہلاک اور 1 زخمی ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوری کے ایک غار میں بھارتی فوجیوں کو نشانہ بنانے والے عسکریت پسندوں کے پناہ لینے کی اطلاع پر چھاپہ مار ٹیم پہنچی۔ عسکریت پسندوں نے بھارتی فوجیوں کو دیکھتے ہی اہلکاروں پر بارودی مواد پھینکا جس سے چھاپہ مار ٹیم تتر بتر ہوگئی اور 2 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ 4 بری طرح زخمی ہیں۔ چاروں زخمی اہلکاروں کو کمانڈ اسپتال ادھم پور منتقل کر دیا گیا جہاں 3 اہلکاروں نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ اس طرح ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کی تعداد 5 ہوگئی۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ بھارتی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ اس غار میں ان دہشت گردوں نے پناہ لے رکھی تھی جو 20 اپریل کو ضلع پونچھ میں فوج کے ایک ٹرک پر حملہ کرکے 5 اہلکاروں کو قتل کرنے کے بعد فوجی اسلحہ لے کر فرار ہوگئے تھے۔