کراچی میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کا میدان پیپلز پارٹی نے مار لیا، غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق یوسیز کی 11 نشستوں میں سے 7 پر اور وارڈز کی تمام 15 نشستوں میں سے 7 پر پیپلز پارٹی جیت گئی۔ غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق یوسی کی 4 نشستوں پر جماعت اسلامی کامیاب ہوئی، مجموعی طور پر کراچی کی 246 یوسی نشستوں میں سے 98 پر جیت کر پیپلز پارٹی کا پہلا نمبر، 89 نشستوں کے ساتھ جماعت اسلامی دوسرے اور 42 نشستوں کے ساتھ تحریک انصاف تیسرے نمبر پر ہے۔ مسلم لیگ (ن) 7، جے یو آئی 2، تحریک لبیک اور آزاد امیدوار ایک ایک نشست پر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 نشستوں پر نتائج الیکشن کمیشن کی جانب سے رکے ہوئے ہیں۔ کراچی میں ہونے والے بلدیاتی ضمنی انتخابات میں وارڈز کی تمام 15 نشستوں میں سے 7 پر پی پی پی جیت گئی، 5 پر جماعت اسلامی کامیاب قرار پائی، تحریک انصاف 2 اور مسلم لیگ ن ایک وارڈ پر کامیاب ہوئی۔ کورنگی یوسی 3 کے مکمل غیرسرکاری و غیرحتمی نتائج کے مطابق جماعت اسلامی کے چیئرمین کے امیدوار 3412ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے 2544 ووٹ حاصل کیے۔ ضلع وسطی کی یوسی 6 نارتھ ناظم آباد کے غیرسرکاری غیرحتمی نتائج کے تحت جماعت اسلامی کے فیصل نسیم 2500 ووٹ لیکر چیئرمین منتخب ہوگئے جبکہ پیپلزپارٹی کے حامد شاہد 885 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر رہے۔ ضلع کورنگی یوسی 2 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کا چیئرمین کا امیدوار 2682 ووٹ لیکر کامیاب ہوگیا جبکہ جماعت اسلامی 1786 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہی۔ ضلع جنوبی لیاری یوسی 2 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے تحت پیپلز پارٹی کا امیدوار 3245 ووٹ لیکر چیئرمین منتخب ہوئے جبکہ جماعت اسلامی 2574 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہی۔ ضلع کیماڑی بلدیہ ٹاون یوسی 2 کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کا چیئرمین کا امیدوار 3009 ووٹ لیکر کامیاب قرار پایا، پاکستان تحریک انصاف 1086 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہی۔ ضلع غربی کی یوسی ایک اورنگی ٹاون کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے تحت پیپلزپارٹی کا امیدوار 2935 ووٹ لیکر جیت گیا جبکہ پی ٹی آئی کا امیدوار 2925 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہا۔ ضلع غربی کی یوسی 2 اورنگی جماعت اسلامی کے نام رہی اور جماعت اسلامی کا چیئرمین 4778 ووٹ لیکر کامیاب قرار پایا۔ پی پی پی امیدوار 3571 ووٹ لے کر دوسرے نمبر رہا۔ ضلع غربی کی یوسی 8 مومن آباد کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی پی امیدوار 2664 ووٹ لے کر فاتح رہا جبکہ پی ٹی آئی 1380ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہی۔ کراچی کے 15 وارڈز کے مکمل غیر سرکاری، غیرحتمی نتائج کے مطابق 7 وارڈز پر پیپلز پارٹی، 5 پر جماعت اسلامی جبکہ تحریک انصاف دو اور مسلم لیگ (ن) ایک وارڈ پر کامیاب ہوئی ہے۔ ضلع کیماڑی کے 6 وارڈ میں سے 5 پر پیپلز پارٹی اورایک پر مسلم لیگ ن کامیاب ہوئی، ضلع ملیر ابراہیم حیدری کی وارڈ کی نشست پیپلز پارٹی نے جیتی، اس کے علاوہ ضلع کورنگی ماڈل کالونی کی وارڈ کی نشست پرجماعت اسلامی کا امیدوارکامیاب قرار پایا۔