کھیل

قومی کرکٹ ٹیم اہم مواقع پرہمیشہ ناکام ہوجاتی ہے رمیزراجا

قومی کرکٹ ٹیم اہم مواقع پرہمیشہ ناکام ہوجاتی ہے رمیزراجا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اہم مواقع پر ہمیشہ ناکام ہوجاتی ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے اپنے یو ٹیوب چینل پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اہم مواقع پر کارکردگی دکھانے میں ہمیشہ ناکام رہتی ہے۔ اگرچہ پاکستان نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریز جیت گیا لیکن اگر قومی ٹیم کیویز کو وائٹ واش کرنے میں کام یاب ہوجاتی تو یہ نہ صرف بہت خوش کن بات ہوتی بلکہ قومی ٹیم کی نمبر ون پوزیشن بھی برقرار رہتی۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم نیوزی لینڈ کو چوتھے ایک روزہ میچ میں شکست دینے کے بعد بہترین ون ڈے ٹیموں کی آئی سی سی رینکنگ میں سرفہرست آگئی تھی مگر پانچویں ون ڈے میں بلیک کیپس سے ہارجانے کے بعد اس سے نمبر ون کی پوزیشن چھن گئی اور وہ تیسرے نمبر پر چلی گئی۔ اس طرح پاکستان اپنی نمبرون پوزیشن 48 گھنٹے بھی برقرار نہیں رکھ سکا۔ سابق کرکٹر نیاظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس نیوزی لینڈ کو وائٹ واش کرنے کا سنہری موقع تھا مگر بدقسمتی سے یہ موقع ضائع ہوگیا۔ رمیزراجا نے مزید کہا کہ انگلینڈ کے خلاف بھی ہمارے پاس ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کا موقع تھا جب ہم دو کے مقابلے میں تین میچ جیت چکے تھے مگر بالآخر انگلینڈ نے سیریز اپنے نام کرلی۔ اسی طرح ایشیا کپ کے دوران ہم سری لنکا سے پہلے گروپ میچ ہارے اور پھر فائنل میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس طرح پاکستان کو جب بھی اہم مواقع کا سامنا ہوتا ہے تو قومی ٹیم توقعات پر پوری نہیں اترتی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے