پاکستان

پی ڈی ایم کارکنان ریڈزون میں داخل، سپریم کورٹ کے باہر پہنچ گئے

پی ڈی ایم کارکنان ریڈزون میں داخل، سپریم کورٹ کے باہر پہنچ گئے

اسلام آباد: حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے کارکن اسلام آباد میں دھرنے کے لیے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں روانہ ہو چکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کے لیے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جماعتوں کے کارکن گزشتہ شب ہی ملک بھر سے اسلام آباد پہنچنے کے لیے روانہ ہوئے۔ قافلوں کی صورت میں نکلنے والے کارکنوں نے اپنی جماعتوں کے جھنڈے اٹھا رکھے ہیں جب کہ کچھ مقامات پر احتجاجی ریلیوں کی شکل میں پی ڈی ایم جماعتوں کے کارکنوں نے چیف جسٹس کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ کارکنوں کو کئی مقامات پر ناشتے میں حلوہ، چنے اور نان پیش کیے گئے۔ واضح رہے کہ جے یو آئی (ف) اور حکومتی اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پوری قوم سے آج سپریم کورٹ کے باہر پرامن احتجاج میں شرکت کے لیے پہنچنے کی اپیل کی تھی۔ جس پر پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے احتجاج میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا ہے، تاہم عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) احتجاج میں شرکت نہیں کرے گی۔ دریں اثنا پی ڈی ایم کے ڈی چوک پر دھرنے کے لیے جے یو آئی (ف)، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور قومی وطن پارٹی کے کارکن پشاور موٹروے ٹول پر جمع ہوئے، جہاں سے وہ اپنی اپنی جماعتوں کے رہنماں کے ساتھ اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔ لیگی کارکن امیر مقام کی قیادت میں جب کہ جمعیت علمائے اسلام کے کارکنان مولانا عطا الحق درویش کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت میں احتجاج میں شرکت کے لیے نکلیں گے۔ پشاور سے پیپلز پارٹی کے قافلے ضیا الحق آفریدی کی قیادت میں روانہ ہوں گے اور تمام جماعتوں کے قافلے انٹرچینجز سے دوسری جماعتوں کے قافلوں کو جوائن کریں گے۔ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے جب کہ اہم تنصیبات اور عمارتوں کی سکیورٹی کے لیے فوج پہلے ہی تعینات ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے