اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی درخواست مسترد کردی جس میں کہا گیا تھا کہ 6 ارب ڈالر کے نئے قرض کے لیے عائد شرائط میں نرمی کی جائے، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں ایک پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ پاشا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس اس وقت آئی ایم ایف کے پاس جانے کے سوا کوئی حل نہیں ہے۔ اجلاس کی صدارت قیصر شیخ کررہے تھے۔ڈاکٹر عائشہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے آئی ایم ایف سے درخواست کی تھی کہ وہ 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کے لیے دی گئی شرائط میں نرمی کرے تاہم ادارے نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے خود بھی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے بات کی تھی تاہم ادارہ پھر بھی راضی نہیں ہوا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں وزیر خزانہ کی عدم شرکت پر اراکین نے احتجاج کیا جس پر نفیسہ شاہ نے تجویز دی ہے کہ چیئر مین صاحب توہین پارلیمنٹ کا بل پاس ہوا ہے، آپ اس کا استعمال کیوں نہیں کرتے جبکہ وزیر مملکت عائشہ غوث پاشا نے کہاہے کہ سیلاب آنے سے ملک میں غذائی اشیا کی طلب اور رسد کا نظام بیٹھ گیا، ہم آئی ایم ایف پروگرام میں تھے لوگوں کو ریلیف نہیں دے سکتے تھے، حکومت کی سمت درست ہے، آئندہ سال تک مہنگائی میں اضافہ سنگل ڈیجیٹ میں آ جائے گا،صوبائی حکومتوں کو قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں، آئی ایم ایف کی ہدایات کے مطابق بجٹ بنا رہے ہیں،آئی ایم ایف کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ،پاکستان نے تین ارب ڈالر کا قرض واپس کیا، ہم نے ڈیفالٹ نہیں کیا، اسٹاف لیول معاہدہ ہو جائے تو تین ارب ڈالر مزید مل جائے گا۔ جمعرات کے روز قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں چیئر مین کمیٹی نے کہا کہ وزیر خزانہ آج تک اس کمیٹی میں تشریف نہیں لائے،ہماری خواہش ہے کہ وہ بھی اس کمیٹی میں آئیں۔ ایک رکن نے کہاکہ صرف خواہش نہیں،ہمارا احتجاج بھی ہے۔ وزیرمملکت ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہاکہ وزیر خزانہ اس وقت کافی مصروف ہیں،بجٹ اور سیاسی صورتحال کے سبب ہمیں بھی وہ کم ملتے ہیں۔ چیئرمین نے کہاکہ وزیر خزانہ باقی سب سے مل رہے ہیں صرف ہماری کمیٹی میں نہیں آتے،کمیٹی میں آپ وہی بتاتی ہیں جو پریس کے ذریعے ہمیں معلوم ہوتا ہے۔ چیئرمین نے کہاکہ اگر ایسا ہی کرنا ہے تو پھر کمیٹی کو ہی ختم کر دیتے ہیں۔ عائشہ غوث پاشا نے کہاکہ اگر آپ کہیں تو میں کمیٹی میں ہی نہ آوں۔ نفیسہ شاہ نے کہاکہ چیئرمین صاحب آپ کی ہی حکومت ہے،توہین پارلیمنٹ کی کا بل بھی پاس ہوا،آپ اسکا استعمال کیوں نہیں کرتے۔ چیئرمین نے کہاکہ اس مسلئے پر اراکین کمیٹی کھل کر اظہار کریں،گھبرائیں مت۔ نفیسہ شاہ نے کہاکہ یہ بدقسمتی ہے کہ پاکستان کا جو بھی وزیر خزانہ بنتا ہے وہ قانون سے بالاتر ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک وزیر خزانہ نہیں آتے،کوئی قانون سازی نہیں کرنی چاہیے۔