سپریم کورٹ نے غیرمنقولہ جائیداد پرعائد 100 فیصد ٹیکس دینے پر حکم امتناع جاری کردیا۔ بیرون ملک اثاثوں پر ٹیکس کے نفاذ کیخلاف درخواستوں پرسماعت کے دوران عدالت نے 100 فیصد ٹیکس دینے پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے فریقین کوغیرمنقولہ جائیدادوں پر50 فیصد ٹیکس ادا کرنے کا حکم دیدیا۔ فیصلے کا اطلاق منقولہ جائیدادپرنہیں ہوگا۔ دوران سماعت چیف جسٹس عمرعطابندیال نے ریمارکس دیے کہ ملک کواس وقت مالی مشکلات کاسامناہے، زرمبادلہ بہتر بنانے کیلئے جو پیسے بیرون ممالک پڑے ہیں وہ ملک میں رکھیں۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے ان حالات میں تعاون کریں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت کی مجبوریوں کوہم سمجھ سکتےہیں، عدالت نے جو کچھ بھی کرنا ہے وہ آئین وقانون کے مطابق کرنا ہے، مزید لوگوں کوٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کیلئے تخلیقی ٹیکس نظام لاناہوگا۔ اس نئے ٹیکس سسٹم کی خامیوں کو دیکھنا ہوگا۔