پاکستان

سمندری طوفان؛ کور کمانڈر کراچی کی بدین میں ہنگامی کانفرنس

سمندری طوفان؛ کور کمانڈر کراچی کی بدین میں ہنگامی کانفرنس

حیدرآباد / بدین: کور کمانڈر کراچی نے ممکنہ سمندری طوفان بائپرجوائے کے سلسلے میں بدین میں ہنگامی کانفرنس کی ہے۔ کور کمانڈر کراچی لیفٹنینٹ جنرل بابر افتخار نے رات گئے ممکنہ سمندری طوفان بائپرجوائے کے سلسلے میں بدین میں ہنگامی کانفرنس کی، کانفرنس میں موجود ڈی جی رینجرز سندھ اور جی او سی حیدرآباد سمیت فوجی و سول اداروں کے ذمہ دارین نے شرکت کی۔ متعلقہ ذمہ داران نے کور کمانڈر کراچی کو مکمل بریفنگ دی، کور کمانڈر نے بروقت تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ کور کمانڈر کراچی نے بتایا کہ اب تک پاک فوج کے دستے ریسکیو کیلیے مختلف مقامات پر پہنچ چکے ہیں لہذا کسی بھی صورت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ دوسری جانب ڈی سی بدین آغا شاہ نواز خان نے کہا کہ سمندری طوفان کا پاکستان کی جانب فاصلہ کم اور خطرات میں اضافہ ہو گیا، ساحلی پٹی کے دیہاتوں اور ماہی گیر بستیوں سے آبادی کا انخلا رات گئے جاری رہا، ساحلی آبادی کا انخلا اور متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی سی بدین نے بتایا کہ سرکاری عمارتوں اور محفوظ مقامات پر مقامی افراد کو منتقل کیا جا رہا ہے جب کہ پاک آرمی رینجرز اور سرکاری افسران وملازمین آبادی کے انخلا اور منتقلی میں مصروف ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے