پاکستان

میئر کراچی کون ہوگا؟ انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری

میئر کراچی کون ہوگا؟ انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری

کراچی: شہر قائد کے میئر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے، جس میں پیپلز پارٹی کے مرتضی وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔ آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم کو الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا تھا، جہاں ووٹنگ کے لیے اراکین کی آمد صبح 9 بجے سے جاری تھی اور مختلف اوقات میں 303 ارکان کے پولنگ اسٹیشن پہنچنے کے بعد آڈیٹوریم کے دروازے بند کردیے گئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے 33 ارکان غیر حاضر ہیں۔ پولنگ اسٹیشن کے باہر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے جو نعرے بازی کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے میئر کراچی کے امیدوار مرتضی وہاب کے لیے شو آف ہینڈز کرا دیا گیا، جس کے بعد انہیں ووٹ دینے والوں کی گنتی اور اندراج کیا جا رہا ہے۔ قبل ازیں پولنگ اسٹیشن میں ووٹنگ کے لیے آنے والے اراکین کو شناخت کے بعد داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ اراکین کی سہولت کے لیے 4 کانٹرز بنائے گئے تھے، جہاں منتخب نمائندوں نے شناختی کارڈ دکھا کر ووٹنگ کارڈ حاصل کیا۔ ووٹنگ کے لیے آنے والے اراکین کو موبائل فون ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں تھی۔ واضح رہے کہ ڈپٹی میئر کے لیے پیپلز پارٹی کے سلمان عبداللہ مراد اور جماعت اسلامی کے سیف الدین ایڈووکیٹ میدان میں موجود ہیں۔ علاوہ ازیں 9 ٹان میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخابی معرکہ بھی آج ہوگا جب کہ 11 ٹانز میں چیئرمین، وائس چیئرمین پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔ متبادل امیدواروں کی دستبرداری کے بعد میئر کراچی کے معرکے کے لیے پیپلزپارٹی کے بیرسٹر مرتضی وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن میدان میں ہیں ۔ ووٹنگ کے لیے آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں شو آف ہینڈز کے ذریعے پولنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کے عمل کو نجی میڈیا کور نہیں کرسکے گا البتہ ابتدائی کارروائی سرکاری ٹی وی کے ذریعے نشر کی جائے گی، تاہم شو آف ہینڈز کو سرکاری ٹیلی ویژن بھی نہیں دکھائے گا۔ واضح رہے کہ کراچی کے 25 میں سے 16 ٹان میونسپل کارپوریشن میں 8 پر پیپلز پارٹی، 6 پر جماعت اسلامی اور 2 پر تحریک انصاف کے چیئرمین اور وائس چیئرمین بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔ پیپلز پارٹی کو ضلع ملیر کے گڈاپ ٹان، ملیر ٹان، ابراہیم حیدری ٹان، ضلع جنوبی میں لیاری ٹان، ضلع غربی میں منگھوپیر ٹان، ضلع کیماڑی میں بلدیہ ٹان، موریرو میر بحر ٹان اور ماری پور ٹان میں بلامقابلہ کامیابی ملی ہے۔ جماعت اسلامی نے ضلع کورنگی کے لانڈھی ٹان، ماڈل کالونی ٹان ، ضلع وسطی کے نارتھ ناظم آباد ٹان ، گلبرگ ٹان ، لیاقت آباد ٹان اور ناظم آباد ٹان میں چیئرمین وائس چیئرمین کے عہدوں پر بلامقابلہ فتح حاصل کی ہے۔ تحریک انصاف نے جن ٹان کی سربراہی بلامقابلہ حاصل کی ہے ان میں ضلع جنوبی کا صدر ٹان اور ضلع کورنگی کا شاہ فیصل ٹان شامل ہے۔ آج (15 جون) کو 9 ٹانزمیں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں کے لیے انتخابات ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے