تازہ ترین

ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے

ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور حکومت کے درمیان معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے۔ اسلام آباد میں وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ نے تحریک لبیک پاکستان کے رہنما کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناموس رسالت ۖ کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، ناموس رسالت ۖ کے تحفظ کے لیے مل کر طریقہ کار طے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توہین مذہب کی روک تھام کے لیے مشاورت سے ایک لائحہ عمل تک پہنچے ہیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر ہر پاکستانی غمزدہ ہے، ایک بے گناہ خاتون کو نہ صرف غلط سزا دی گئی بلکہ قید میں بھی رکھا گیا ہے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے حالات پر کانگریس ارکان کو خط لکھنے والے ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ بھی دیکھیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، حکومت ان کے معاملے پر خط بھی لکھے گی، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو 86 سال کی سزا دینا نا انصافی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹی ایل پی کا ایک مطالبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا بھی تھا، پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق طریقہ کار ٹی ایل پی کے سامنے رکھا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے یقین دلایا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی، ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ٹی ایل پی کے رہنما نے کہا کہ ہمارے مطالبات میں تحفظ ناموس رسالت ۖ، مہنگائی کا خاتمہ اور ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک نے اپنے مطالبات کے لیے پرامن مارچ کیا، حکومتی ٹیم کے سامنے اپنے مطالبات رکھے۔ ٹی ایل پی کے رہنما کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللہ کا شکریہ کہ لاکھوں لوگوں کے جذبات کی قدر کی اور مطالبات مانے گئے، غریبوں کی زندگی آسان کرنا ٹی ایل پی کا منشور ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے