وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ انسانی اسمگلرز نے فی فرد 20 سے 25 لاکھ روپے وصول کیے۔ ایک بیان میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ سے متعلق تحقیقات ہو رہی ہیں، سخت ترین قوانین کے تحت کارروائی کر کے ان اسمگلرز کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ان انسانی اسمگلرز سے متعلق عالمی تعاون بھی حاصل کیا جائے گا، اکثر کیسز میں ایجنٹ مدعی کو پیسے دلا کر کیس ختم کرا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ سے متعلق تحقیقات کے لیے کمیٹی بھی بنائی گئی ہے، ایک ہفتے میں کمیٹی اپنے کام مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں تو چھوٹی چھوٹی باتوں پر خط لکھتی ہیں، ان کو یہ نظر نہیں آ رہا۔ وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ لبنانی کوسٹ گارڈ کے رویے سے متعلق حکومت لیبیا کی حکومت سے بات کرے گی، جو لوگ کشتی حادثے میں بچ گئے وہ ساری باتیں بتا رہے ہیں۔