پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ و ماڈل سارہ نیلم نے ایک شو کے دوران اوور سیز پاکستانیوں سے متعلق دیے گئے اپنے تضحیک آمیز بیان پر معافی مانگ لی ہے۔ سارہ نیلم نے اپنے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ اکانٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں سے اپنے بیان پر معذرت کی ہے۔ اداکارہ کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ کچھ دن قبل میں نے نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں شرکت کی تھی جس کے کچھ کلپس وائرل ہوئے ہیں، میرے اس بیان سے میرے اوور سیز بہن بھائیوں کو کافی تکلیف پہنچی ہے، میری بات کا مقصد کسی کی دل آزاری بالکل نہیں تھا۔ سارہ نیلم نے کہا کہ مزاحیہ شو پہلے سے طے شدہ ہوتا ہے اور مجھے بھی بولا گیا تھا کہ اگر کوئی چیز بری لگے تو وہ مذاق ہوگا اسے سنجیدہ مت لینا، شو کے آغاز سے لے کر اختتام تک ویڈیو میں ہنسی مذاق ہی چل رہا ہے لیکن مجھے نہیں پتہ تھا کہ میری بات لوگوں کو اتنی زیادہ بری لگے گی۔ اداکارہ نے اپنے ویڈیو بیان میں مزید کہا کہ لوگوں کو نہیں پتہ کہ ان کے میرے خلاف تبصروں سے مجھے کتنی تکلیف پہنچی اور میں ذہنی طور پر کتنی پریشان ہوئی ہوں۔ سارہ نیلم کا اپنے ویڈیو بیان کے ساتھ لکھے گئے کیپشن میں مزید کہنا تھا کہ انسان سے غلطی ہوجاتی ہے، اللہ بھی غلطیاں معاف کر دیتا ہے تو آپ لوگ بھی معاف کرسکتے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا صارفین کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ لوگ نہیں جانتے کہ مجھے کتنے مسئلے پیش آ رہے ہیں، میری فیملی بھی میرے ساتھ پریشان ہے، میں ایک عزت دار فیملی سے ہوں، امید ہے آپ لوگ مجھے معاف کر دیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے مزاحیہ شو کے میزبان، اداکار واسع چوہدری نے بھی اوورسیز پاکستانیوں سے معافی مانگی تھی۔ انہوں نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے غلطی تسلیم کی تھی اور اپنی پوری ٹیم کی جانب سے سرعام باقاعدہ معافی طلب کی تھی۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے لکھا تھا کہ غلطیاں اپنوں سے ہی ہوتی ہیں۔
انٹرٹینمنٹ
واسع چوہدری کے بعد سارہ نیلم کی بھی اوور سیز پاکستانیوں سے متعلق بیان پر معذرت
- by web desk
- جون 22, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 1094 Views
- 2 سال ago