کھیل

ایشین کرکٹ کونسل نے ہائبرڈ ماڈل پر ’پاکستانی‘ بیان مسترد کردیا

ایشین کرکٹ کونسل نے ہائبرڈ ماڈل پر ’پاکستانی‘ بیان مسترد کردیا

لاہور: اے سی سی نے ہائبرڈ ماڈل پر ممکنہ چیئرمین پی سی بی کا بیان مسترد کردیا۔ بدھ کے روز اسلام آباد میں میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے ممکنہ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے کہا تھا کہ میں ایشیا کپ کیلیے ہائبرڈ ماڈل کو پہلے ہی مسترد کر چکا، ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کو میزبانی دی تو پورا ایونٹ یہاں ہونا چاہیے تھا، نیپال جیسی ٹیموں کے میچز پاکستان باقی اہم مقابلے باہر ہوں گے، ہائبرڈ ماڈل پاکستان کے ساتھ ناانصافی ہے۔ اب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے ذکا اشرف کے بیان پر سخت ردعمل دیا ہے، بورڈ کے ایک رکن نے کہا کہ ذکا اشرف آزاد ہیں، وہ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں لیکن ایشیا کپ کیلیے ہائبرڈ ماڈل کو اے سی سی نے قبول کر لیا ہے، اب اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: ذکا اشرف نے ایشیاکپ کے ہائبرڈ ماڈل کو ’’ناانصافی‘‘ قرار دیدیا یاد رہے کہ بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ میں شرکت کیلیے پاکستان آنے سے صاف انکار کر دیا تھا،اس کے بعد چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے درمیانی راستہ نکالتے ہوئے ارکان کو ہائبرڈ ماڈل کی تجویز دی،پاکستان ایشیاکپ کے 4 میچز کی میزبانی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کرے گا،باقی 9 مقابلے سری لنکا میں ہوں گے۔ ہائبرڈ ماڈل منظور کیے جانے پر نجم سیٹھی نے اسے بڑی کامیابی قرار دیا تھا مگر ذکا اشرف کا موقف ہے کہ اے سی سی سے بات کرتے ہوئے اس سے بہت زیادہ بہتر نتائج حاصل کیے جاسکتے تھے، ایشیا کپ 31اگست سے 17ستمبر تک شیڈول ہے، پاکستان میں غیر اہم اور کم میچز رکھنے پر شائقین کی جانب سے بھی ناراضگی کا اظہار کیا گیا تھا۔ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذکا اشرف نے ہائبرڈ ماڈل کی مخالفت کر دی تھی، اس سے یہ تاثر سامنے آیا کہ ایشیا کپ کے انعقاد میں دوبارہ مسائل ہوں گے، مگر ذکا اشرف نے اب صورتحال کو واضح کر دیا ہے۔ نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’ہائبرڈ ماڈل ‘‘ کو پسند نہ کرنا میری ذاتی رائے تھی،میں چاہتا ہوں کہ پاکستان مکمل طور پر عالمی ایونٹس کی میزبانی کرے، البتہ ایشیا کپ کے حوالے سے سابقہ مینجمنٹ نے جو کمٹمنٹ کی ہم اس کی مکمل پاسداری کریں گے، ایونٹ اعلان شدہ طریقہ کار کے مطابق ہی ہوگا۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ہم بھارت سمیت تمام کرکٹنگ ممالک سے خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں،البتہ ورلڈکپ کیلیے ٹیم کو پڑوسی ملک بھیجنے کا فیصلہ وقت آنے پر مشاورت سے ہوگا۔ ذکا اشرف نے کہا کہ بابر اعظم دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں شامل ہیں، ہم ان کو مکمل سپورٹ کریں گے، ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر کے مستقبل کا فیصلہ عہدہ سنبھالنے کے بعد کروں گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے