تازہ ترین

شدید بارشوں کے باعث بچوں، خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق

شدید بارشوں کے باعث بچوں، خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق

ملک بھر میں ہونے والے شدید بارشوں کے باعث بچوں ، خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔‌پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں صبح چار بجے سے شروع ہونے والی طوفانی بارش کے باعث شہر ڈوب گیا اور اہم شاہراہیں سمندر کا منظر پیش کرنے لگیں، جہاں تاحد نگاہ پانی ہی پانی موجود تھا۔‌شہر بھر کے درجن سے زائد علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ گزشتہ سال 2022 میں لاہور میں 238 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ کمشنر لاہور کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل 2018 میں لاہور میں 288 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، گزشتہ 30 سالوں میں لاہور میں اتنے کم وقت میں اتنی بارش نہیں ہوئی۔ اب تک سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 282 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ جیل روڈ پر 147 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 130 ملی میٹر، ہیڈ آفس گلبرگ میں 210، اپر مال میں 199، مغلپورہ میں 220، تاجپورہ میں 249، نشتر ٹاون میں 280، چوک نا خدا میں 205 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق مصری شاہ میں بارش کے باعث بوسیدہ چھت گر گئی جس کے باعث 8 سالہ بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والوں کی شناخت نوازش، کلثوم اور 8 سالہ اسد کے نام سے ہوئیں۔ لاشوں کو ملبے سے نکال کر ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔‌اُدھر پولیس کے مطابق چونگی امر سدھو بوستان کالونی میں بجلی کی تار توٹ کر سڑک پر گر گئی، گلی میں سے گزرنے والا موٹر سائیکل سوار نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 22 سالہ عثمان کے نام سے ہوئی، متوفی کی لاش گھنٹے تک بارش کے پانی میں پڑی رہی۔کشمیری گیٹ، آخری منٹ سٹاف میں بھی خاتون سمیت دو افراد چل بسے۔‌دوسری طرف صوبائی دارالحکومت لاہور کی تحصیل رائیونڈ میں بھی خالی پلاٹ میں جمع بارش کے پانی میں گیارہ سالہ بچہ ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گیا۔‌اُدھر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق لیہ میں شدید بارشوں کے بعد ایک نوجوان ڈوبنے سے چل بسا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سیّد محسن نقوی نے بھی میڈیا سے گفتگو کے دوران 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مصری شاہ میں مکان کی چھت گرنے سے تین افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ایک اور واقعہ میں کرنٹ لگنے سے دواموات ہوئیں جبکہ ایک بچہ پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔‌بعد میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اب تک جاں بحق افراد کی تعداد سات ہو گئی ہے۔ دوسری طرف لاہور میں شدید بارش کے باعث مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض،وزیرتعلیم منصورقادر اور منسٹر توانائی ایس ایم تنویر نے چینی قونصل خانے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر تعلیم منصور قادر نے کہا کہ شہر میں غیرمعمولی بارشیں ہوئی ہیں، نکاسی آب کے لئے انتظامیہ بھی موجود ہے، ایک گھنٹے کے اندرقونصل خانے سے پانی نکال لیاجائے گا، چینی حکام نکاسی آ ب کے کاموں سے مطمئن ہیں۔‌اس موقع پر ایس ایم تنویر نے کہا کہ 260 ملی میٹر کی بارش رکارڈ کی گئی،عموماً اس طرح کی بارشیں نہیں ہوتیں، پنجاب کا بارش کا سسٹم 100 ملی میٹر کے حساب سے ڈیزائن ہوا ہے، چینی قونصل خانے میں پانی اندر چلا گیا تھا، اس لئے یہاں کا دورہ کیا، نکاسی آب کے لئے ساری مشینری مسلسل کام کر رہی ہے۔ دوسری طرف خیبرپختونخوا میں آندھی طوفانی کے باعث شدید بارشیں ہوئیں، موسلادھار بارشوں اور طوفان کے باعث تین افراد جاں بحق ہو ئے جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔‌خیبرپختونخوا میں جاں بحق افراد میں سے دو افراد کا تعلق شانگلہ سے ہے جبکہ ایک خاتون ضلع کرک میں ماری گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے