تازہ ترین

سویڈن واقعے کے خلاف ملک بھر میں یوم تقدس قرآن منایا گیا

سویڈن واقعے کے خلاف ملک بھر میں یوم تقدس قرآن منایا گیا

اسلام آباد، لاہور، کراچی: سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں آج یومِ تقدسِ قرآن منایا گیا، نماز جمعہ کے بعد شہر شہر ریلیاں اور جلوس نکال کر گھناؤنے فعل کی مذمت کی گئ‌وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک بھر میں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر ہر طبقہ فکر سے وابستہ افراد سویڈن میں ملعون شخص کے ہاتھوں قرآن پاک نذر آتش کیے جانے کے واقعے کی شدید مذمت کی۔‌وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، جب کہ سیاسی و سماجی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے بھی سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف آج ملک گیر مظاہرے کیے گئے۔‌سویڈن واقعے کے خلاف سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک مذمتی قرارداد منظور کی۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ بار ایسویسی ایشن نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر حکومت سے سفارتی سطح پر اس مذموم سازش کا مقابلہ، سفارتخانہ بند کرنے اور مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔ ‌وزیراعظم شہباز شریف کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں یوم تقدس قرآن منایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ معاملات حکومتی سرپرستی کے بغیر ہوتے تھے، اب سویڈن حکومت کی سرپرستی میں قرآن کریم جلایا گیا ہے۔‌انہوں نے کہا کہ اسلام تمام کتب اور انبیا کے احترام کا حکم دیتا ہے۔ عوام سویڈن واقعے کے خلاف پرامن مظاہرے کے لیے نکلیں اور بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں۔‌علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کے مرکزی صدر اور پاکستان مسیحی کونسل پاکستان کے صدر سینیٹر کامران مائیکل نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کا واقعہ ناقابل قبول ہے۔ پاکستان کے مسیحی اس واقعے کے خلاف احتجاج میں بھرپور شریک ہیں اور مذمت کرتے ہیں۔‌دریں اثنا ملک کے مختلف شہروں میں مسیحی برادری اور ان کے مذہبی رہنماؤں نے سویڈن واقعے کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اس سلسلے میں جاری بیانات میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس گھناؤنے واقعے میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ اس قسم کے واقعات عمل میں نہ آئیں۔ ‌ اُدھر گجرات میں سویڈن واقعے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں شرکا نے سویڈن واقعے کے خلاف مذمتی پلے کارڈ، بینرز اٹھا رکھے تھے۔‌کراچی میں تاجر تنظیموں کی جانب سے نماز جمعہ کے بعد احتجاج کے طور پر 2 گھنٹوں کے لیے کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات پر احتجاجی ریلیوں میں سویڈن واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی جا رہی ہے۔‌آل کراچی تاجر اتحاد کی جانب سے احتجاجی ریلی میمن مسجد سے ٹاور تک نکالی گئی جس میں شرکا نے سویڈن حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے