کابل: افغانستان میں طالبان کی حکومت نے ملک کے شمال میں موجود کنوؤں سے تیل نکالنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔افغانستان کے سرکاری میڈیا بختار نیوز ایجنسی کے مطابق مائنز اور پیٹرولیم کے قائم مقام وزیر شیخ شہاب الدین دلاور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی پیداوار کیلئے تکنیکی اور غیر تکنیکی عملے کی ملازمت کو ترجیح دی جائے گی جبکہ کان کی تعمیر نو کیلئے صوبہ سرپل کی آمدنی کو استعمال کیا جائے گا۔تقریب میں شیخ شہاب الدین دلاور کتے علاوہ طالبان کے متعدد سینئر ارکان بھی موجود تھے جنہوں نے صوبہ سر پل میں قشقری آئل فیلڈ میں کنوؤں کا افتتاح کیا۔ دوسری جانب کابل ٹائمز نے مائنز اینڈ پیٹرولیم کی وزارت کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ قشقری بیسن میں 10 کنویں ہیں اور نو میں سے 200 ٹن تیل نکالا جا رہا ہے۔