آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال بیروزگاری کم ہوگی۔ اوسط مہنگائی بھی کم ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔آئی ایم ایف نے معاشی ترقی سے متعلق حکومتی دعووں کی قلعی کھول دی،رپورٹ کے مطابق سال 2023-24 میں معاشی شرح نمو 2.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔حکومت نے نئے بجٹ میں معاشی ترقی کا ہدف ساڑھے 3 فیصد مقرر کر رکھا ہے،گزشتہ مالی سال پاکستان کی معاشی کارکردگی منفی 0.5 فیصد رہی،حکومت نے گزشتہ سال جی ڈی پی گروتھ 0.3 فیصد مثبت رہنے کا دعویٰ کیا تھا۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ سال 2024 میں بے روزگاری ساڑھے 8 فیصد سے کم ہو کر 8 فیصد پر آجائے گی،اس سال اوسط مہنگائی 29.6 فیصد سے کم ہو کر 25.9 فیصد پر آنے کی پیش گوئی ہے۔آئی ایم ایف رپورٹ کےمطابق اس سال مالی خسارہ معمولی کمی سے ساڑھے 7 فیصد رہنے کا امکان ہے، پرائمری سرپلس جی ڈی پی کا 0.4 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے۔ پاکستان کے ذمہ قرضوں کا حجم 81.8 فیصد سے کم ہو کر 74.9 فیصد پر آجائے گا۔