نئی دہلی: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ ایشیاکپ کیلئے دورہ پاکستان کیلئے آنے کی افواہوں پر چراغ پَا ہوگئے۔ بھارتی نیوز چینل نیوز 18 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ میں میری اور چیئرمین پی سی بی کی ملاقات ہوئی تاہم ‘میں کسی چیز پر راضی نہیں ہوا، یہ سب ایک غلط فہمی ہے، یہ سب شاید جان بوجھ کر کسی نے شرارت کی ہے، میں پاکستان کا دورہ نہیں کروں گا’۔ اس سے قبل آئی پی ایل چیئرمین ارون دھومل نے پاک بھارت بورڈ سربراہان کی ملاقات کے باوجود بھارت ایشیاکپ کیلئے پاکستان کا دورہ نہ کرنے کی تصدیق کی تھی۔انہوں نے کہا تھا کہ جنوبی افریقہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جے شاہ کے درمیان ملاقات ہوئی تھی تاہم ایسی کوئی بات نہیں ہوئی کہ بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی یا ہمارے سیکریٹری پاکستان جائیں گے۔ گزشتہ روز خبریں گردش کررہیں تھی کہ پاک بھارت کرکٹ تعلقات میں برف پگھلنا شروع ہوگئی ہے، ذکا اشرف اور جے شاہ کی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ کرکٹ تعلقات پر بات چیت ہوئی جس میں دونوں بورڈ عہدیداران نے کرکٹ روابط میں بہتری لانے پر اتفاق کیا تھا۔