واشنگٹن: امریکی وزیرخارجہ انتونی بلنکن نے پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کی جانب سے منظور پروگرام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میکرو اکنامک اصلاحات اور پائیدار اقتصادی بحالی کیلئے آئی ایم ایف پروگرام پر کام جاری رکھے۔ قبل ازیں پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے اسٹینڈ بائی معاہدہ پر پاکستان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تجارت کا مزید فروغ چاہتا ہے، پاکستان معاشی بحران سے گزر رہا ہے، جس سے نکلنے کے لیے ہماری نیک خواہشات پاکستان کے ساتھ ہیں۔اس سے قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے پاکستان کو قرض پروگرام کے تحت ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط مل گئی ہے۔انہوں نے رقوم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہونے کی تصدیق کی تھی۔