لاہور: مصباح الحق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کے کرکٹ امور کے لیے مشیر مقرر ہوگئے۔ سابق کپتان مصباح الحق نے ذکا اشرف کا ایڈوائزر بننے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ یہ ذمہ داریاں بلا معاوضہ انجام دیں گے۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ذکا اشرف سے آج پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے مجھے بورڈ میں پرکشش تنخواہ پر کام کرنے کی آفر کی مگر میں نے پہلے سے طے شدہ مصروفیات کی وجہ سے فل ٹائم کام سے معذرت کرلی ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ ذکا اشرف نے انہیں بطور مشیر کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنے کو کہا جو میں نے قبول کرلیا ہے۔ مصباح الحق نے کہا اپنے تجربے کی روشنی میں جو بھی ممکن ہوسکا پی سی بی کے ڈومیسٹک اور دوسرے کرکٹ معاملات ٹھیک کرنے کے لیے تجاویز دوں گا۔ یہ سب کچھ اعزازی ہوگا اور ایک پائی بھی بورڈ سے نہیں لوں گا۔