دنیا

روس؛ نوجوان لڑکی کو اغوا کرکے14 سال تک جنسی غلام رکھنے والا ملزم گرفتار

روس؛ نوجوان لڑکی کو اغوا کرکے14 سال تک جنسی غلام رکھنے والا ملزم گرفتار

ماسکو: روس میں پولیس نے 19 سالہ لڑکی کو اغوا کرکے 14 سال تک جنسی غلام بنائے رکھنے کے الزام میں 51 سالہ ولادیمیر چیسکیڈوف کو حراست میں لے لیا اور اس کے گھر سے جنسی کھلونے اور دیگر ممنوعہ اشیا برآمد کرلیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس میں 51 سالہ ولادیمیر چیسکیڈوف پر اپنے گھر میں 2011 میں ایک خاتون کو قتل کرنے کا بھی الزام ہے جب کہ دوسری خاتون فرار ہوکر تھانے پہنچ گئی۔ مذکورہ خاتون کو گھر سے فرار ہونے میں ملزم کی والدہ نے مدد کی تھی۔ تھانے پہنچنے والی 33 سالہ خاتون ایکاترینا نے پولیس کو بتایا کہ ولادیمیر چیسکیڈوف نے 2009 میں اسے اغوا کیا تھا اور تب سے قیدی بناکر اپنے گھر میں رکھا ہوا ہے اور جنسی غلام کے طور پر استعمال کرتا رہا ہے۔ ایکاترینا نے پولیس کومزید بتایا کہ ملزم چاقو کی زد پر سارے کام کرواتا تھا اور گھر سے باہر نکلنے کی بالکل بھی اجازت نہیں تھی۔ بار بار تشدد کرتا اور جنسی زیادتی کرتا تھا۔ پولیس نے خاتون کی شکایت پر چیسکیڈوف کے ایک منزلہ مکان کی تلاشی لی اور وہاں سے جنسی کھلونے اور فحش مواد پر مشتمل سی ڈیز برآمد کیں اور تہہ خانے سے انسانی باقیات بھی ملیں جو 2011 میں قتل کی گئی خاتون کی تھیں۔ پولیس کے مطابق ملزم دماغی امراض میں مبتلا ہے اور حالت خراب ہونے پر اسے مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا جس کے دوران ملزم کی والدہ نے ایکترینا کو گھر سے فرار کرایا۔ پولیس نے ملزم کو ایک ذہنی ادارے میں داخل کرایا ہے جہاں پولیس کی نگرانی میں اس کا علاج کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے