لاہور کے علاقے غازی روڈ پر صفائی کی غرض سے مین ہول میں اترنے والے واسا کے دو اہلکارجان کی بازی ہار گئے۔ریسکیوذرائع کے مطابق مین ہول میں زہریلی گیس بھرنے کی وجہ سے واساکے دونوں اہلکار جانبر نہ ہو سکے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیوٹیمیں جائے حادثہ پرپہنچیں اور واسا اہلکاروں کی لاشیں مین ہول سے نکال کرقریبی ہسپتال پہنچادی گئیں۔ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ واسا اہلکارجومین ہولزمیں اتر کر صفائی ستھرائی کا کاکام کرتے ہیں واسا کی جانب سے انہیں کوئی حفاظتی کٹ تک مہیا نہیں کی جاتیں جس کی وجہ سے ایسے افسوسناک حادثات پیش آتے ہیں۔عوام کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ جب سے شروع ہوا ہے لاہور میں مین ہولز کی صفائی پرزیادہ توجہ نہیں دی جا رہی اس لئے جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہیں، گٹر ابل رہے ہیں ۔غازی روڈ پرجہاں حادثہ پیش آیا وہاں مین ہول کے قریب ہی کوڑے کرکٹ اورغلاظت کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس کی و جہ سے بدبو پورے علاقے میں تعفن پھیلا رہی ہے جس سے علاقہ مکین سخت پریشان ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے برسات کی وجہ سے کوڑے کرکٹ کی بدبو نے ان کا جینا محال کر رکھاہے ،بچے، بڑے اوربوڑھے بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں ۔