کراچی: پی سی بی کو میڈیا رائٹس کی فروخت سے 8سے 10ارب روپے تک آمدنی ہو سکتی ہے۔پی سی بی کو آئندہ ماہ کئی اہم فیصلے کرنا ہیں، ان میں پی ایس ایل اور انٹرنیشنل کرکٹ کے میڈیا حقوق کی فروخت بھی شامل ہے، ایک محتاط اندازے کے مطابق اس سے 8سے 10ارب روپے آمدنی متوقع ہے،2 چینلز دوڑ میں شامل ہونے کیلیے تیار ہیں مگر ان میں سے ایک ماضی میں عدم ادائیگی کے سبب بلیک لسٹ ہو چکا، تیسرا پاکستانی چینل بھی ایک غیرملکی ادارے کے ساتھ بڈنگ میں شامل ہو سکتا ہے۔پی سی بی کو پروڈکشن کے حقوق بھی دینے ہیں، اس کے لیے بھی 2 کمپنیز میدان میں آ سکتی ہیں،ایک نے غیرملکی کمپنی کے ساتھ مل کر بڈ دینے کا ارادہ کیا ہے، عموما رائٹس کی فروخت سے قبل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کے ساتھ مارکیٹ ریسرچ بھی کرائی جاتی ہے،البتہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ابھی یہ سلسلہ شروع ہو چکا ہے یا نہیں۔
ماضی میں پاکستان کیلیے پی ایس ایل اور انٹرنیشنل کرکٹ کے میڈیا حقوق الگ فروخت کیے جاتے تھے،اس بار کی پالیسی ابھی سامنے نہیں آئی، اہم کنٹریکٹس سے قبل کئی سابقہ آفیشلز نے پی سی بی میں انٹری کیلیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔گزشتہ دنوں بابر حمید، بدر رفاعی اور صہیب شیخ نے قذافی اسٹیڈیم میں ملاقاتیں بھی کیں،چند سال قبل ڈائریکٹر کمرشل کی حیثیت سے کام کرنے والے بابر حمید نے اب کمرشل و مارکیٹنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھال لی ہے،ماضی میں ان پر ہراسگی کا الزام لگا تھا۔بورڈ ترجمان کے مطابق ان کیخلاف ہراسگی کا الزام ثابت نہیں ہوا تھااس لیے دوبارہ تقرری میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہوئی، بابر نے 2021 میں نیوزی لینڈ سے سیریز کے دوران ڈی آرایس تنازع پر انکوائری کا سامنا کرنے کے بجائے مستعفی ہونے کو ترجیح دی تھی، انھیں جلد ہی ڈائریکٹر مارکیٹنگ کا عہدہ بھی مل سکتا ہے جس کیلیے گذشتہ دنوں اشتہار جاری کیا گیا تھا،ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اس صورت میں موجودہ ڈائریکٹر کمرشل عثمان وحید کی پوزیشن کیا ہوگی۔سابق سربراہ مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کی قریبی ساتھی لیگ کمشنر نائلہ بھٹی کی ملازمت بدستور خطرے میں ہے، ڈائریکٹر پی ایس ایل کیلیے اشتہار جاری ہو چکا ہے،صہیب یا ایک پی ایس ایل فرنچائز کے سابق آفیشل ان کی جگہ سنبھال سکتے ہیں، صہیب ماضی میں سینئر جنرل منیجر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر حمید کی تقرری سے سی او او سلمان نصیر خوش نہیں ہیں،دونوں کے ماضی میں تعلقات مثالی نہیں رہے تھے۔
کھیل
میڈیا رائٹس؛ 8 سے 10ارب روپے آمدنی متوقع
- by web desk
- اگست 14, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 722 Views
- 1 سال ago