پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سپریم کورٹ کے قومی احتساب بیورو (نیب) ترامیم کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ایک بیان میں ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نہیں بلکہ حق اور انصاف کی جیت ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ سابقہ حکومتی اتحادی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے نیب کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کیا۔پی ٹی آئی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم دور حکومت میں شہباز شریف، مریم نواز، آصف زرداری، حمزہ شہباز اور اسحاق ڈار کو نیب ریلیف دیا گیا۔ترجمان کے مطابق سپریم کورٹ نےخود ساختہ این آر او ٹو کو اٹھا کر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا، عدالتِ عظمیٰ نےواضح کردیا کہ لوٹی ہوئی دولت پر صرف پاکستانی قوم کاحق ہے، فیصلےکی روشنی میں اربوں روپے لوٹنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔