کھیل ورلڈ کپ

ٹورنامنٹ ابھی ختم نہیں ہوا، ہم یہاں تاریخ رقم کرنے آئے ہیں، شاہین آفریدی

ٹورنامنٹ ابھی ختم نہیں ہوا، ہم یہاں تاریخ رقم کرنے آئے ہیں، شاہین آفریدی

چنئی: پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ دو میچز میں شکست سے ٹورنامنٹ ختم نہیں ہوا، ابھی پانچ میچ باقی ہیں اور ہم یہاں تاریخ رقم کرنے آئے ہیں۔‌آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان اپنا پانچواں میچ آج پیر کو چنئی میں افغانستان کیخلاف کھیلے گا۔ میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 1:30 پر ہوگا۔ جس کے بعد 27 اکتوبر کو اسی شہر میں قومی ٹیم جنوبی افریقہ کے مدمقابل آئے گی۔‌ورلڈ کپ میں اپنے چار میچز کھیلنے کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔ پاکستان کو دو میچز میں کامیابی اور دو میں شکست ہوئی ہے۔ پاکستان نے نیدرلینڈز کیخلاف جیت سے ٹورنامنٹ کا آغاز کیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں سری لنکا کے خلاف کامیابی ملی تھی۔‌قومی ٹیم تیسرے میچ میں روایتی حریف بھارت سے یک طرفہ مقابلے کے بعد شکست کھا گئی تھی جبکہ آسٹریلیا کیخلاف بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔‌فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے افغانستان کے خلاف میچ سے قبل پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستانیوں کی ٹیم سے وابستہ توقعات کا علم ہے اور انہیں پورا کرنے کے لیے ہم بے چین ہیں۔ دو میچز میں شکست سے ٹورنامنٹ ختم نہیں ہوا، ابھی پانچ میچ باقی ہیں اور ہم یہاں تاریخ رقم کرنے آئے ہیں۔‌انہوں نے کہا کیچ ڈراپ ہونا کھیل کا حصہ ہے۔ اسامہ میر کا پہلا میچ تھا لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ ایسے موقع پر کیچز بہت اہم ہوتے ہیں۔ ایک ڈراپ کیچ کی وجہ سے آپ کسی پر الزام نہیں لگا سکتے۔ یہ ایک ٹیم گیم ہے اور ہم بطور ٹیم جیتتے یا ہارتے ہیں۔ میرے خیال میں جو چیز اہم ہے وہ یہ ہے کہ آپ فیلڈنگ کرتے وقت کتنی جان لگاتے ہیں اور آپ اس سے کتنا لطف اندوز ہوتے ہیں۔‌شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ بھارت کی پچز بولرز کیلئے مددگار نہیں ہیں۔ بھارت میں بولنگ کے دوران اتنا سوئنگ نہیں ملتا جتنا انگلینڈ، آسٹریلیا یا نیوزی لینڈ میں ملتا ہیں۔ یہاں کی پچز میں زیادہ باؤنس نہیں ہے جس کی وجہ سے ہمیں یہاں ہائی اسکورنگ گیمز دیکھنے کو ملتے ہیں، ایسے میں چند اچھے کیچز یا رن آؤٹ آپ کی ٹیم کو بوسٹ دے سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے