پاکستان تازہ ترین

سائفر کیس: چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد

سائفر کیس: چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد

اسلام آباد: سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔‌آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران دونوں پر فرد جرم عائد کی۔‌چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔‌عدالت نے فرد جرم روکنے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی اور کہا کہ آج کی تاریخ فرد جرم کے لیے رکھی تھی، فرد جرم عائد کی جاتی ہے۔‌عدالت نے کیس کے گواہان کے بیانات 27 اکتوبر کو طلب کر لیے جس کے بعد سائفر کیس کی سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔‌اس سے قبل 17 اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم اس وقت تحریک انصاف کے وکلا کی جانب سے چالان کی کاپیاں فراہم نہ کرنے کا اعتراض اٹھایا گیا تھا، پی ٹی آئی کے اعتراض کے بعد فرد جرم کی تاریخ آج مقرر کی گئی تھی۔‌آج سماعت کے موقع پر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی۔‌واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی ان دنوں سائفر کیس میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے