پاکستان تازہ ترین

پاک امریکی مذاکرات اگلے ہفتے، ٹی ٹی پی کے مکمل خاتمے پر مشاورت ہوگی

پاک امریکی مذاکرات اگلے ہفتے، ٹی ٹی پی کے مکمل خاتمے پر مشاورت ہوگی

اسلام آباد: افغان صورت حال پر پاک امریکی مذاکرات اگلے ہفتے اسلام آباد میں ہوں گے، تین امریکی وفود آئندہ ہفتے پاکستان پہنچیں گے۔‌ذرائع کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے، اعلیٰ سطح وفد بھی ہمراہ ہوگا۔‌پاکستان میں مقیم امریکی ملازم 25000 افغانیوں کا معاملہ زیر بحث آئے گا جبکہ پاکستان میں غیرقانونی مہاجرین کے انخلا پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔‌پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال ہونے پر بات چیت ہوگی، ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے مکمل خاتمے کی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔ امریکی نمائندہ خصوصی پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔‌ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان متعدد معاملات پر مشاورت جاری ہے، اس مشاورتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے دوروں کا تبادلہ بھی ہوتا ہے اور اس تناظر میں آنے والے دنوں میں اہم امریکی عہدیداروں کے پاکستان کے دورے بھی ہو رہے ہیں۔‌ترجمان کا کہنا تھا کہ اسسٹنٹ سکریٹری برائے آبادی، پناہ گزین اور ہجرت جولیٹا والس نوئیس 4 سے 6 دسمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گی جبکہ افغانستان کے بارے میں خصوصی نمائندہ ٹام ویسٹ 7 سے 9 دسمبر تک اسلام اباد کا دورہ کریں گے۔ پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری الزبتھ ہورسٹ کا دورہ 9 سے 12 دسمبر تک ہوگا۔‌ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ دورے امریکا کے ساتھ افغانستان کی صورتحال سمیت متعدد مسائل پر جاری مذاکرات کا حصہ ہیں، تاہم یہ دورے صرف افغانستان کے ساتھ مسائل تک ہی محدود نہیں ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے