پاکستان تازہ ترین

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی دورۂ امریکا میں اہم ملاقاتیں

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی دورۂ امریکا میں اہم ملاقاتیں

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) امریکا کے دورے پر پہنچے ہیں جہاں ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس دورے کے دوران سپہ سالار پاکستان نے اعلیٰ امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں۔ پاک فوج کے سپہ سالار نے اس اہم دورے کے دوران امریکا کے وزیر خارجہ انٹونی جے بلنکن، وزیر دفاع جنرل لائیڈ جے آسٹن، نائب مشیر قومی سلامتی جوناتھن فائنر سے ملاقات کی۔‌ان ملاقاتوں میں امریکی نائب وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف بھی موجود تھے۔‌آرمی چیف سید عاصم منیر کی امریکی اعلیٰ حکام سے ان ملاقاتوں میں دوطرفہ دلچسپی، عالمی اور علاقائی سلامتی کے باہمی امور کے ساتھ ساتھ جاری بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔‌ملاقات میں انسداد دہشت گردی سمیت دفاعی تعاون کے شعبوں کو بنیادی اہمیت دی گئی اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے دوطرفہ تعاون کی ممکنہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔‌اس اہم ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اُمور پر بات چیت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔‌ملاقات کے دوران آرمی چیف نے علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور جنوبی ایشیا میں علاقائی سلامتی کو متاثر کرنے والے پہلوؤں پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔‌اس تناظر میں، آرمی چیف نے خاص طور پر مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔‌علاوہ ازیں امریکی دورے میں آرمی چیف سید عاصم منیر نے پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام استقبالیہ میں بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی بات چیت کی۔‌آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ملکی ترقی کے لیے کیے جانے والے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا اور SIFC کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہُوئے بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔‌پاک فوج کے سپہ سالار نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ امریکا اس وقت پاکستان کے لیے سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے جو ہماری کل برآمدات کا 21.5 فیصد ہے۔‌آرمی چیف نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیئے ویزوں کی رکاوٹ، خصوصی اسکریننگ، اور اِس طرح کے دیگر گمراہ کن افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بیرون ملک پاکستانیوں کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ بیرون ملک پاکستانی، پاکستان کے سفیر اور اثاثہ ہیں۔‌آخر میں بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی نے کہا کہ افواجِ پاکستان ہمارا فخر ہیں اور افواج کی پاکستان کے لیے خدمات کو سراہا۔‌آرمی چیف سید عاصم منیر نے بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔‌

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے