اسلام آباد: رواں مالی سال24-2023کے پہلے 5ماہ(جولائی تا نومبر)کے دوران حکومت کو مجموعی طورپر 4 ارب 28 کروڑ ڈالر کی بیرونی فنڈنگ موصول ہوئی ہے۔اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے بیرونی قرضوں و گرانٹ کی جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی پانچ ماہ میں حکومت کو 4 ارب 28 کروڑ ڈالر کی بیرونی فنڈنگ موصول ہوئی ہے۔اعداد وشمار کے مطابق17 ارب 61 کروڑ ڈالر کے سالانہ ہدف کی نسبت پانچ ماہ میں 24 فیصد فنڈز ملے جبکہ سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر کے ٹائم ڈیپازٹس جمع کرائے۔اس کے علاوہ ادھار تیل کی مد میں بھی سعودی عرب نے 50 کروڑ ڈالر کی سہولت فراہم کی، اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں بیرون ملک سے 40 کروڑ 74 لاکھ ڈالرحاصل ہوئے۔عالمی بینک، اے ڈی بی سمیت عالمی مالیاتی اداروں سے 78 کروڑ 66 لاکھ ڈالر ملے جبکہ عالمی مالیاتی اداروں سے رواں مالی سال 5 ارب 33 کروڑ ڈالر ملنے کا تخمینہ ہے۔علاوہ ازیں چین، فرانس، جاپان، امریکہ سمیت دیگر ملکوں نے 8 کروڑ 30 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔