دنیا

کرمان دھماکے: ایران کا ذمہ داروں کو سخت جواب دینے کا اعلان، صدر کا دورہ ترکیہ منسوخ

کرمان دھماکے: ایران کا ذمہ داروں کو سخت جواب دینے کا اعلان، صدر کا دورہ ترکیہ منسوخ

تہران:‌ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی شہر کرمان میں دھماکوں کے ذمہ داروں کو سخت جواب دینے کا اعلان کر دیا، صدر ابراہیم رئیسی نے اپنا دورہ ترکیہ بھی منسوخ کر دیا ہے۔‌ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں نے ایک بار پھر تباہی پھیلائی اور بڑی تعداد میں لوگوں کو شہید کیا، اس تباہی کا انشااللہ سخت جواب دیا جائے گا، انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔‌ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کرمان میں دھماکوں کے بعد ایک مذمتی بیان جاری کیا جس میں ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کی جلد شناخت کر کے ان کو سخت سزا دی جائے گی، ہمارے دشمنوں کو جان لینا چاہیے کہ اس طرح کے اقدامات ایرانی قوم کے پختہ عزم کو کبھی متاثر نہیں کر سکتے۔‌دوسری جانب اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کیلئے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ملوث افراد کیخلاف ایکشن کا مطالبہ کیا، اس کے علاوہ روس کے صدر پیوٹن اور یورپی یونین نے بھی ایران میں دہشت گردی کے اقدام میں شہریوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔‌واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران کے شہر کرمان میں سابق جنرل قاسم سلیمانی کے مقبرے کے قریب 2 دھماکوں میں کم از کم 103 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے، دھماکا خیز مواد سے بھرے دو بیگ قبرستان کے داخلی دروازے پر رکھے گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے