کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں ایک ہی کپتان بنانے کا مطالبہ کر دیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی سی بی کو کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں ایک ہی کپتان بنانے کا اعلان کر کے اسے 2 سے 3 سال کا وقت دینا چاہیے تاکہ کپتانی کی لڑائی ختم ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں کسی کو بھی نائب کپتان بنانے کی ضرورت نہیں ہے اور جہاں کپتان کسی وجہ سے میچ میں موجود نہ ہو تو وہاں موقع دیکھ کر کسی کھلاڑی کو کپتانی کی ذمہ داری دے دینی چاہیے۔واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی جانب سے تینوں فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کے بعد شاہین آفریدی کو ٹی 20 ٹیم کی کپتانی سونپی گئی اور محمد رضوان کو نائب کپتان بنایا گیا جبکہ قومی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان شان مسعود کو بنایا گیا اور دورہ آسٹریلیا میں شاہین آفریدی نائب کپتان تھے۔