مری: ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، مری میں سیاح برفباری میں پھنس گئے تاہم افواج پاکستان امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ مری سمیت بالائی علاقوں میں بدھ کو بھی برفباری کا سلسلہ جاری رہا جو 4 فروری تک جاری رہنے کا امکان ہے۔مری میں برفباری شروع ہوتے ہی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سیاحوں کی بڑی تعداد مری میں پہنچنے اور برفباری کے باعث کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔ جس کے بعد مقامی انتظامیہ نے سترہ میل سے مری میں سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا۔افواج پاکستان نے بروقت پہنچ کر مقامی انتظامیہ کے ساتھ برف میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے اور راستے صاف کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کے مطابق مری میں اس وقت سیاحوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور مری میں سیاحوں کے مزید داخلے کو بند کرنے کا فیصلہ مری انتظامیہ کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا۔انہوں ںے کہا کہ مری میں رش کم ہونے پر سیاحوں کو داخلے کی اجازت دی جائے گی تاہم مری اور مضافاتی علاقوں کے رہائشی اپنا شناختی کارڈ دکھا کر جا سکیں گے۔ سترہ میل کے مقام پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موجود ہیں۔مری میں پھنسے سیاح علی نقوی نے بتایا کہ برفباری کے باعث گزشتہ 6 گھنٹے سے مری میں پھنسے ہوئے ہیں اور مری میں اس وقت کافی برفباری ہوچکی ہے۔ انتظامات بہتر نہ ہونے کی وجہ سے کئی گھنٹوں سے ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ برفباری کے باعث مری جانے والی سڑکوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔