بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے کہا ہے کہ میں بےبس تھا، خاموش رہا، بچوں کی وجہ سے اب آواز اٹھائی ہے۔راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے بات چیت میں عدت میں نکاح کیس کے شکایت کنندہ خاور مانیکا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے میرا ہنستا بستا گھر تباہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ کی بے وفائی کی وجہ سے میری ایک بیٹی کو طلاق ہوگئی، میرا ایک بیٹا ذہنی دباؤ کا شکار رہا جو بحالی سینٹر میں داخل ہے۔ خاور مانیکا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی، فرح گوگی اور بشریٰ بی بی کی بہن مریم کے ذریعے ہمارے گھر آیا تھا۔ میں بےبس تھا، خاموش رہا، بچوں کی وجہ سے اب آواز اٹھائی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوگوں کو سمجھنا چاہیے میرا ہنستا بستا گھر تباہ ہوا، بانی پی ٹی آئی کے دور حکومت میں کوئی فائدہ حاصل نہیں کیا، فرح گوگی اور بشریٰ بی بی نے سارا پنجاب سنبھال رکھا تھا۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ میرا ملازم لطیف طویل عرصے سے میرے ساتھ ہے، ایسا نہیں ہے کہ کیس سے پہلے ملازم رکھا۔ خاور مانیکا اپنے بچوں کے واٹس ایپ میسج کا پرنٹ میڈیا نمائندوں کو دکھاتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کے درمیان تعلقات 2014 کے دھرنے سے شروع ہوئے۔ بانی پی ٹی آئی سب سے پہلے بطور مرید دم کروانے آیا تھا۔