اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کے لیے ہرممکن قدم اٹھارہے ہیں انتخابات میں یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ پاکستان کی قیادت کس جماعت کے حوالے کرنی ہے۔یہ بات نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے دولت مشترکہ کے مبصر گروپ سے ملاقات میں کہی۔ مبصر گروپ نے سربراہ ڈاکٹر گُڈلَک ایبیلے جانتھن کے وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم نے وفد کی انتخابات کے حوالے سے پاکستان آمد کا خیر مقدم کیا۔نگراں وزیراعظم نے دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل پیٹریشیاء اسکاٹ لینڈ کی پاکستان اور دولتِ مشترکہ کے تعلقات میں مضبوطی کیلئے اقدامات کی تعریف کی۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات 2024ء کی شفافیت کے لیے بین الاقوامی مبصرین کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں، حکومت بین الاقوامی مبصرین کو انتخابات کے جائزے کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی، نگران حکومت ملک میں شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت ہر جماعت کو اپنی انتخابی مہم کیلئے موزوں ماحول فراہم کر رہی ہے، نگران حکومت یقینی بنا رہی ہے کہ الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام سہولیات فراہم کی جائیں، انتخابات میں یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ پاکستان کی قیادت کس جماعت کے حوالے کرنی ہے۔دریں اثنا وفد نے سیکٹری جنرل دولت مشترکہ کی جانب سے وزیرِ اعظم کو خیر سگالی کا پیغام دیا۔ وفد نے انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔