ملکہ کوہسار مری میں گزشتہ روز سے مسلسل ہونے والی بارش کے باعث راولپنڈی ٹریفک پولیس نے مری جانے والے سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں گزشتہ روز سے تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد موسم انتہائی سرد ہوگیا جبکہ تیزہواؤں کے باعث بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہے۔خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج مری میں برفباری کی پیشگوئی کررکھی ہے۔موسم خوشگوار ہونے کے بعد سیاحوں نے بڑی تعداد میں مری کا رخ کرلیا ہے، مری جانے والے سیاحوں کے لیے راولپنڈی ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔سی ٹی او تیمورخان کا کہنا ہے کہ مری میں شدید دھند کے باعث گاڑی کی رفتار کم رکھیں، تیز بارش اور دھند میں فوگ لائٹ اور ڈبل اشاروں کا استعمال کریں، لینڈ سلائیڈنگ کے خطرہ کے پیش نظر غیرضروری سفر سے گریز کریں۔ان کا کہنا ہے کہ دوران ڈرائیونگ جلد بازی اور ڈبل لائن بنانے سے اجتناب کریں۔ دوطرفہ ٹریفک چلنے کی وجہ سے اوورٹیکنگ سے گریزکریں۔ دوران سیاحت اپنی گاڑی کو مناسب اور محفوظ جگہ پر پارک کریں۔ادھر کالام میں بھی شدید برف باری کے بعد رابطہ سڑکیں بلاک ہونے سے سیاح ہوٹلوں تک محصور ہوگئے ہیں۔کالام میں بجلی کی سپلاٸی معطل ہونے سے مقامی افراد اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔