دبئی: سعودی حکام نے آئندہ حج سیزن میں شریک ہونے والے عازمین کو خبردار کیا ہے کہ اگرکسی نے بلا اجازت چندہ جمع کیا تو اسے 7 سال تک قید، 50 لاکھ ریال جرمانہ ہوسکتا ہے۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی پبلک پراسیکیوشن نے آئندہ حج سیزن میں شرکت کرنے والے عازمین کو غیر مجاز فنڈ ریزنگ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے خلاف خبردار کیا۔انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا، جس میں 7 سال تک قید، 50 لاکھ ریال تک جرمانہ، یا ممکنہ طور پر دونوں سزائیں شامل ہیں۔ اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر پبلک پراسیکیوشن نے بتایا کہ مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر چندہ یا نقد رقم جمع کرنا سختی سے منع ہے۔انہوں نے انسداد مالیاتی فراڈ اور ٹرسٹ قانون کی خلاف ورزی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مالی فوائد کے لیے دھوکا دہی یا گمراہ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔